لکھنؤ،24؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکوایڈ (اے ٹی ایس)نے ملٹری اٹیلی جنس کی جموں کشمیر یونٹ اور اتراکھنڈ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں اتراکھنڈ کے پتھورا گڑھ ضلع سے مشتبہ آئی ایس آئی ایجنٹ رمیش کو گرفتار کیا ہے۔اے ٹی ایس کے افسر نے بتایا کہ ملٹری انٹیلی جنس کے تعاون سے آفتاب رہائشی فیض آباد کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے ہوئی پوچھ گچھ میں اہم معلومات ملی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 20 مئی کو اے ٹی ایس تھانہ گومتی نگر میں مقدمہ درج کیا گیا۔تفتیش کے دوران 22 مئی کو پتھورا گڑھ رہائشی رمیش سنگھ سے پوچھ گچھ کی گئی اور اس کے گھر کی تلاشی لی گئی۔رمیش نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے اپنے ملک مخالف کارروائیوں کے بارے میں کافی کچھ بتایاجس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔افسر نے کہا کہ رمیش کے پاس سے ایک پاکستانی موبائل فون بھی برآمد کیا گیا ہے جو آئی ایس آئی سے رابطہ کرنے کے لئے دیا گیا تھا۔موبائل کے ڈیٹا پر اہم ثبوت ملنے کی امید ہے۔انہوں نے بتایا کہ رمیش سے پوچھ گچھ جاری ہے۔بدھ کو ملزم کو پتھورا گڑھ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سیاس ٹرانزٹ ریمانڈ پر لکھنؤ لایا جا رہا ہے۔افسر نے بتایا کہ رمیش سنگھ پاکستان میں واقع بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات ایک افسر کے ساتھ گھریلو کام کے لئے 2015 میں اسلام آباد گیا تھا۔وہاں اس کا رابطہ آئی ایس آئی کے لوگوں سے ہوا جنہوں نے اس کو اپنا ایجنٹ بنا لیا۔رمیش نے وہاں رہتے ہوئے تمام معلومات فراہم کیں۔